لاہور( اباسین خبر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر کے پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ری والونگ فنڈز قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ، سرکاری سکولوں میں موبائل بس لائبریری پراجیکٹ شروع کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ طلبہ میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دیا جا سکے۔دوران اجلاس، جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں جاری سکول میل پروگرام کی رپورٹ وزیراعلی کو پیش کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ 3 ہزار 527 سکولوں میں ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد دودھ پیک تقسیم کیے جا چکے ہیں، اور سکول میل پروگرام کے آغاز کے بعد 38 ہزار سے زائد نئے طلبہ کی انرولمنٹ مکمل ہو چکی ہے۔مزید برآں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایس آر پی فیز ون میں شامل 5 ہزار 675 سکولوں میں ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد نئے طلبہ نے داخلہ لیا، جبکہ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں 164 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اساتذہ سمارٹ کلاس ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم فراہم کریں گے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بہتر بنانے کا عزم ہے اور سرکاری سکولوں میں یونیفارم کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے طلبہ کی لرننگ کیپسٹی بڑھانے کے لیے نئی ماڈرن لیبز قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
پنجاب: پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری
13