پشاور( اباسین خبر)خیبر پختونخوا کابینہ نے اسلام آباد میں کے پی ہاوس پر پولیس ایکشن کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں 30 سے زائد نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا، جس میں کے پی ہاوس اسلام آباد میں پولیس کی کارروائی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران محکمہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں نقصان پہنچا، جس پر کابینہ نے پی کے ہاوس کی مرمت اور تزئین و آرائش کی منظوری دی۔ کابینہ نے اس پر قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی اور اس سلسلے میں وزارت قانون سے مشورہ کے بعد کے پی ہاوس پر حملے کے خلاف اسلام آباد پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی منظوری دے دی۔وزیر قانون آفتاب عالم نے بتایا کہ کابینہ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ خیبرپختونخوا ہاوس اسلام آباد پر حملے کی ایف آئی آر وزیراعلی کی ہدایت پر درج کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، نگران حکومت کے دوران بھرتی کیے گئے ملازمین کے فارغ کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی، تاہم اس سلسلے میں کچھ قانونی پیچیدگیاں سامنے آئی ہیں۔ کابینہ نے اس پر مزید غور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، جو قانونی پہلوں کا جائزہ لے کر اسمبلی میں بل پیش کرے گی۔
خیبرپختونخوا حکومت کی اسلام آباد پولیس کیخلاف کارروائی کی منظوری
84