بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ترقیاتی اقدامات ترجیح ہیں، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ترقیاتی اقدامات ترجیح ہیں، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

Jul 6, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( ابا سین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی اوپن ایکس اسپیس پر بلوچستان سے متعلق تفصیلی گفتگو کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی، جہاں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گفتگو میں قوم پرست حلقوں، این جی اوز کے نمائندوں، ناقدین اور عام شہریوں سمیت مختلف شرکا نے حصہ لیا، جبکہ ایک موقع پر آن لائن شرکت کرنے والوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے خطاب میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں کی شمولیت کے پروگرام، روزگار کے مواقع، تعلیمی اصلاحات، پنشن اصلاحات، الیکٹرک وہیکلز پالیسی اور دیگر حکومتی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار، معیاری تعلیم اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ان کے مطابق مختلف شعبوں میں پہلی بار جامع اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ اور اسکالرشپس کے لیے خصوصی وسائل مختص کیے گئے ہیں۔سرفراز بگٹی نے بتایا کہ چار ارب روپے کے منصوبے کے تحت صوبے کے سرکاری اسکولوں، کالجوں، جامعات اور صحت کے مراکز میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، تاکہ ڈیجیٹل تعلیم اور جدید سہولیات تک رسائی بہتر بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے ریاستی ادارے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں اور چند عناصر صوبے میں ریاستی رٹ کو کمزور نہیں کر سکتے۔وزیراعلیٰ نے عوامی سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح بلوچستان کی ترقی، نوجوانوں کی فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔