ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی اضافہ، آٹا بھی مہنگا ہوگیا

ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی اضافہ، آٹا بھی مہنگا ہوگیا

Aug 8, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ 9 اشیا سستی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا۔ پیاز کی قیمت میں 10.1 فیصد جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں 9.19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دال چنا 2.4 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ گھی، آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر 6.82 فیصد سستے ہوئے، جبکہ ایل پی جی، چینی، انڈے اور آلو کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔آٹے کی قیمت میں بھی اضافہدوسری جانب ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے تک پہنچ گئی۔ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے مہنگا ہو کر 3 ہزار روپے کا ہوگیا، جبکہ لاڑکانہ میں بھی اس کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا۔ خضدار اور لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 600 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔سکھر میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 60 روپے جبکہ بنوں میں 50 روپے تک اضافہ ہوا۔ بنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 950 روپے، سکھر میں 2 ہزار 560 روپے تک پہنچ گیا۔اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 133 روپے، پشاور میں 3 ہزار 100 روپے جبکہ راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے تک ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 960 روپے، حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں 2 ہزار 800 روپے تک ہے، جبکہ سرگودھا میں اس کی قیمت 2 ہزار 793 روپے تک پہنچ گئی۔کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 750 روپے، لاہور میں 2 ہزار 300 روپے جبکہ فیصل آباد میں 2 ہزار 200 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔