ہفتہ وار مہنگائی میں 0.15 فیصد اضافہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سالانہ بنیاد پر مجموعی شرح 9.11 فیصد ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 24.68 فیصد جبکہ دال چنا کی قیمت میں 3.35 فیصد اضافہ ہوا۔ چکن بھی 2.45 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ دہی، لہسن اور چائے سمیت کئی دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 1.26 فیصد سستا ہوا، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 2.35 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 0.29 فیصد کمی ہوئی۔ چینی، انڈے اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔