ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی ٹیلی ویژن اداکاراؤں شلپا شندے اور حنا خان کے درمیان لفظی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جس نے شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب شلپا شندے نے ایک پوڈکاسٹ میں اعتراف کیا کہ 2016 میں انہوں نے شو کے پروڈیوسر سنجے کوہلی کے خلاف جنسی ہراسانی کے جو الزامات عائد کیے تھے وہ درست نہیں تھے اور یہ قدم انہوں نے اس وقت کی مجبوری کے باعث اٹھایا تھا۔اس اعتراف کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا اور شلپا شندے کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا، جہاں ان پر یہ بھی الزام لگایا گیا کہ ان کے اس بیان سے حقیقی متاثرین کے مقدمات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔بعد ازاں شلپا شندے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے بالواسطہ طور پر بعض شوبز شخصیات، خصوصاً حنا خان، پر تنقید کی۔شلپا شندے نے کہا کہ بعض افراد ان کے نام کو شہرت حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور انہوں نے طنزیہ انداز میں ایسے افراد کا ذکر کیا جو اپنی ذاتی مشکلات یا بیماریوں کو عوامی توجہ حاصل کرنے کے لیے سامنے لاتے ہیں۔اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا اور صارفین نے اسے حنا خان کی طرف اشارہ قرار دیا، جو اس وقت ایک سنگین بیماری کے خلاف علاج کروا رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر یہ معاملہ مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، جہاں دونوں اداکاراؤں کے حامی اور ناقدین آمنے سامنے آ گئے ہیں۔
شلپا شندے اور حنا خان کے درمیان لفظی تنازع شدت اختیار کر گیا
12 گھنٹے قبل