ویرات کوہلی کی لنکڈ اِن پر انٹری، دو روز میں 3 لاکھ 34 ہزار فالوورز
لاہور( سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے پیشہ ورانہ رابطوں کے معروف پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر قدم رکھتے ہی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردیے، جہاں دو روز سے بھی کم عرصے میں ان کے فالوورز کی تعداد 3 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ویرات کوہلی نے منگل کو لنکڈ اِن پر اپنی پہلی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے بھارتی کھیلوں کے مستقبل، مقامی برانڈز کی ترقی اور کرکٹ سے ہٹ کر کاروباری منصوبوں سے متعلق اپنے عزائم بیان کیے۔رپورٹ کے مطابق 13 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر کوہلی کے فالوورز کی تعداد محض 1501 تھی، جو اگلے روز اسی وقت بڑھ کر 2 لاکھ 42 ہزار 83 ہوگئی۔ اس کے بعد یہ تعداد 3 لاکھ 34 ہزار سے بھی آگے نکل گئی۔37 سالہ کرکٹر نے اپنے پیغام میں خواہش ظاہر کی کہ بھارت میں ہر کھیل کو یکساں اہمیت دی جائے اور ایسے مقامی برانڈز کو فروغ دیا جائے جو عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔انہوں نے کھیلوں کے شعبے میں مصنوعات کی تیاری، صارفین کے لیے اشیا اور تقسیم کے نظام پر مبنی کاروبار قائم کرنے کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو ستیہ نڈیلا نے بھی لنکڈ اِن پر ویرات کوہلی کا خیرمقدم کیا۔واضح رہے کہ کوہلی اس وقت ایجیلیٹس میں سرمایہ کار ہیں، جبکہ ون ایٹ ورلڈ کے شریک بانی اور تخلیق کار بھی ہیں۔ لنکڈ اِن پر ان کی غیر معمولی مقبولیت کھیلوں سے وابستہ معروف شخصیات کے بڑھتے ہوئے کاروباری اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے۔