جنوبی کوریا کے کیمیائی پلانٹ میں خوفناک آتشزدگی، 7 ہزار کارکنوں کا انخلا
سیئول ( مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی کوریا کے جنوب مشرقی صنعتی شہر السان میں ایک بڑے کیمیائی پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت 7 ہزار کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق 9 بج کر 41 منٹ پر کیمیائی مصنوعات تیار کرنے والے پلانٹ میں لگی۔ پلانٹ میں موجود تمام 12 ملازمین بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔آگ پلانٹ کے بیرونی حصے میں قائم ایک ذخیرہ ٹینک سے شروع ہوئی، جس میں تقریباً 8 ہزار لیٹر ٹولوئین موجود تھا۔ یہ ایک انتہائی آتش گیر کیمیائی مادہ ہے۔ آگ کے شعلوں سے اڑنے والے انگارے قریبی تنصیب تک پہنچے، جس کے نتیجے میں وہاں موجود گھاس کے میدان میں بھی آگ لگ گئی۔ اس دوران ملحقہ کیمیائی ذخیرہ ٹینکوں تک آگ پھیلنے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق علاقے میں سیاہ دھواں اور زہریلی بو پھیلنے کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قریبی پیٹروکیمیکل پلانٹ کی زیر تعمیر سائٹ پر کام کرنے والے 7 ہزار کارکنوں کو نکال لیا گیا۔ اس کے علاوہ آس پاس کے کاروباری اداروں کے ملازمین کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔آگ کی شدت کے پیش نظر فائر حکام نے ملک گیر ہنگامی کارروائی کا حکم جاری کیا، جس کے بعد قریبی شہروں اور علاقوں سے خصوصی آگ بجھانے والی گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور 200 سے زائد اہلکار طلب کر لیے گئے۔حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔