خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں اور شہداء پیکج میں اضافے کا اعلان
پشاور( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی پولیس کی تنخواہوں، شہداء کے مالی امدادی پیکج اور دیگر مراعات میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہداء کے اہلخانہ میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے دوران 54 شہداء کے ورثاء کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز دیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر ہونی چاہئیں۔ انہوں نے پولیس نفری کی کمی دور کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کا بھی اعلان کیا۔گورنر نے دہشت گردی کے واقعات میں جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کے لیے خصوصی مالی معاونت پیکج اور شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے خصوصی گرانٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، چیف سیکرٹری، پولیس افسران، ایڈوائزری کونسل کے ارکان اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی۔