عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک ڈالر سے زائد گر گئیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک ڈالر سے زائد گر گئیں

Oct 15, 2026|ویب ڈیسک

لندن( کامرس ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سرمایہ کار آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں کے باعث تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات اور امریکا کی جانب سے جہازوں پر پابندیوں میں نرمی کی کوششوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت ایک ڈالر 39 سینٹ، یعنی 1.31 فیصد کمی کے بعد 104 ڈالر 67 سینٹ فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) ایک ڈالر 2 سینٹ، یعنی 1.07 فیصد سستا ہوکر 94 ڈالر 7 سینٹ فی بیرل پر آگیا۔گزشتہ کاروباری سیشن میں حوثیوں کی جانب سے سعودی آرامکو کے ہیڈکوارٹرز پر حملے اور ایران کے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے نئی حکمت عملی اپنانے کے اعلان کے بعد ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت تین ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق بدھ کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب پیش آنے والے الگ الگ واقعات میں میزائلوں یا دیگر ہتھیاروں کی زد میں آنے کے بعد ایک کنٹینر بردار اور ایک خشک مال بردار جہاز ڈوب گئے۔گزشتہ 10 روز کے دوران آبنائے ہرمز کے اطراف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی اور گزشتہ ماہ عائد کی گئی سخت پابندیوں کے جواب میں حملوں میں شدت لا رہا ہے۔عالمی منڈی میں سرمایہ کاروں کی توجہ خطے کی سکیورٹی صورتحال، تیل کی رسد میں ممکنہ رکاوٹوں اور امریکا کی جانب سے ترسیل کے اخراجات کم کرنے کے لیے پابندیوں میں نرمی کے اقدامات پر مرکوز ہے۔