وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات، معاشی اصلاحات جاری رکھنے پر زور
بنکاک( کامرس ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں استحکام اور اقتصادی جائزے کی تکمیل کے بعد عملے کی سطح پر معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان بنکاک میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور اقتصادی اہداف پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو ملکی معیشت کی تازہ صورتحال اور مقررہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران آئی ایم ایف سربراہ نے زور دیا کہ پاکستان معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے قرض پروگرام کی شرائط پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے بجٹ میں طے شدہ محصولات کے اہداف حاصل کرنے اور معاشی اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کو زرمبادلہ کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور ٹیکس محصولات بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا پیغام دیا۔آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ رواں مالی سال کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو 15 ہزار 264 ارب روپے کے محصولات جمع کرنے کا ہدف حاصل کرنا ہوگا اور اس ضمن میں مقررہ ہدف سے کم وصولیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف حکام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقتصادی اہداف کے حصول، محصولات میں اضافے اور قرض پروگرام کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔