بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک، 104 افغان شہری گرفتار

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک، 104 افغان شہری گرفتار

Oct 15, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلع واشک اور مستونگ میں دو انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز کے دوران سات دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، جبکہ انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 104 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کا ہدف بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ٹھکانے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔بیان کے مطابق علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ یہ کارروائی پرنگ آباد کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر کی گئی۔انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 104 افغان شہری گرفتارسیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں دشت اور تربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کارروائی کے دوران ایران اور یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کرنے والے 104 افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پُرعزم ہیں۔