معاذ صداقت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 187 درجے ترقی پاکر 45ویں نمبر پر آگئے
دبئی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا، وہ عالمی درجہ بندی میں 187 درجے بہتری کے بعد کیریئر کی بہترین 45ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں ردوبدل ہوا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ صائم ایوب چار درجے نیچے آکر 42ویں نمبر پر چلے گئے۔بابر اعظم اور حسن نواز کی درجہ بندی میں بھی تین، تین درجے تنزلی ہوئی، جس کے بعد بابر اعظم 48ویں اور حسن نواز 52ویں پوزیشن پر آگئے۔بولرز کی فہرست میں ابرار احمد ایک درجہ نیچے آکر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ سلمان مرزا نے نو درجے ترقی کرتے ہوئے 14ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں صائم ایوب نے دوسری پوزیشن برقرار رکھی۔