کنگنا رناوت اور سوراو داس میں لفظی معرکہ تیز ہوگیا

کنگنا رناوت اور سوراو داس میں لفظی معرکہ تیز ہوگیا

Jul 30, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی ( شوبز ڈیسک) بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ کنگنا رناوت اور سی پی آئی (ایم) کے ترجمان سوراو داس کے درمیان جاری لفظی کشمکش مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔صحافی برخا دت کے پروگرام "دی موجو اسٹوری" میں گفتگو کرتے ہوئے سوراو داس نے کہا کہ ان کی کنگنا رناوت سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، لیکن وہ مسلسل انہیں اور جین زی نسل کے نوجوانوں کو ذاتی تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔سوراو داس نے بتایا کہ ان کے دوست بار بار پوچھ رہے تھے کہ کنگنا آخر انہیں کیوں ہدف بنا رہی ہیں۔ ان کے بقول ایک دوست نے مذاقاً کہا کہ شاید وہ نوجوان ہریتھک روشن جیسے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سن کر انہیں بھی حیرت ہوئی، مگر اصل سوال یہ ہے کہ کنگنا ذاتی حملوں پر کیوں اتر آئی ہیں۔ان کا یہ تبصرہ کنگنا رناوت اور ہریتھک روشن کے درمیان 2016 میں سامنے آنے والے تنازع کی طرف اشارہ سمجھا جا رہا ہے، جب کنگنا نے ایک انٹرویو میں ہریتھک روشن کو اپنا "سِلی ایکس" قرار دیا تھا۔اس سے قبل بھی سوراو داس نے اے این آئی سے گفتگو میں کنگنا رناوت کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی اپنی جماعت کے رہنما بھی انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے، اسی لیے جین زی نسل کے نوجوان بھی ان کی باتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔