ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ، 2 اہلکار شہید

ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ، 2 اہلکار شہید

Jul 13, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں جنڈولہ۔وانا روڈ پر تھانہ شہید مرید اکبر کی حدود میں پولیس کی بکتر بند گاڑی (اے پی سی) کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکا گرہ حیات کے قریب معمول کے گشت پر موجود پولیس گاڑی پر کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے کی نوعیت ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی حملہ ہو سکتی ہے۔شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی فرید اللہ اور سپاہی اختر زمان شامل ہیں، جبکہ زخمی اہلکاروں کی شناخت قدرت اللہ اور عبدالمالک کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں اور شہداء کو ڈی ایچ کیو اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ دھماکے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔