ٹرمپ اور امیر قطر میں رابطہ، علاقائی بحران کے حل پر گفتگو

ٹرمپ اور امیر قطر میں رابطہ، علاقائی بحران کے حل پر گفتگو

Nov 6, 2026|ویب ڈیسک

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، کشیدگی کے خاتمے اور جامع معاہدے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قطری حکومت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی حالات اور بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا۔ قطر اس سلسلے میں متعلقہ فریقوں کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ کشیدگی ختم کرکے کسی جامع معاہدے تک پہنچا جا سکے۔دوسری جانب ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ ایران نے جوہری معاملے پر ایک تجویز قطر کے ذریعے امریکا کو بھجوائی ہے۔ امریکی حکام اس تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم باضابطہ مذاکرات کا آغاز اس بات سے مشروط ہے کہ واشنگٹن پہلے ایران کے 7 مطالبات پورے کرے۔ایرانی عہدیدار نے ان مطالبات کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں کی کوششیں جاری ہیں، تاہم مذاکرات کی بحالی اور کسی حتمی معاہدے کا انحصار دونوں ممالک کے درمیان اختلافات میں کمی پر ہوگا۔