ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کردی
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر احمد جٹ نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات میں تعاون پر فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور وزیر مواصلات کے شکر گزار ہیں۔پریس کانفرنس میں تنویر احمد جٹ نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزیر مواصلات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے، جبکہ ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے تقریباً 8 فوری نوعیت کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں، جبکہ دیگر مطالبات کے حل کے لیے بھی مختلف کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔مرکزی صدر کے مطابق ہڑتال کے دوران ملک کی بندرگاہوں پر سرگرمیاں رک گئی تھیں، درآمدات و برآمدات بری طرح متاثر ہورہی تھیں اور قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا، جس کے باعث صورتحال تشویشناک ہوگئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت روزانہ مقرر کرنے کے بجائے اس معاملے پر غور کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔تنویر احمد جٹ نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا یا حکومت نے اپنے وعدے پورے نہ کیے تو دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔