ٹائیگر شروف پر فائرنگ، 3 ملزمان راجستھان سے گرفتار
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر گزشتہ روز ہونے والی فائرنگ کے الزام میں تین افراد کو بھارتی ریاست راجستھان سے گرفتار کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملزمان ٹرین کے ذریعے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے انہیں کوٹا ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے دو کا تعلق ریاست ہریانہ جبکہ ایک کا تعلق ریاست بہار سے ہے۔ ملزمان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے۔واضح رہے کہ ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا، جب وہ فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔فائرنگ کے واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔