سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی ممکنہ شادی، نئی تفصیلات سامنے آ گئیں

8 گھنٹے قبل
سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی ممکنہ شادی، نئی تفصیلات سامنے آ گئیں

ٹیلر

 نیو یارک( شو بز ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی متوقع شادی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ جوڑی 3 جولائی کو نیویارک سٹی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شادی کی تقریب مین ہیٹن کے وسطی علاقے میں منعقد ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی مقام کو تاحال خفیہ رکھا گیا ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مین ہیٹن کے وسطی علاقے سے مراد متعدد مشہور مقامات ہو سکتے ہیں جن میں روکفیلر سینٹر، ریڈیو سٹی میوزک ہال، سینٹرل پارک اور نیویارک پبلک لائبریری شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے اپنے قریبی دوستوں کو ذاتی طور پر “سیو دی ڈیٹ” پیغامات بھیجے ہیں، تاہم ابتدائی طور پر تقریب کے مقام کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔ بعض مہمانوں کو مبینہ طور پر ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے معلومات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ باضابطہ دعوت ناموں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جوڑا شادی کی تقریب کو انتہائی نجی رکھنے اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ میڈیا اور عوامی توجہ سے بچا جا سکے۔اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آ چکی ہیں کہ شادی نیویارک کے بجائے روڈ آئی لینڈ میں ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے گزشتہ سال اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، اور دونوں کی محبت کی کہانی دنیا بھر میں مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی ہے۔ تاہم اب تک دونوں میں سے کسی نے بھی شادی کی تاریخ یا مقام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔