تربیلا ڈیم کے سپل وے دوبارہ کھول دیے گئے، دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا

تربیلا ڈیم کے سپل وے دوبارہ کھول دیے گئے، دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا

Jul 23, 2026|ویب ڈیسک

ہری پور( اباسین خبر) مون سون بارشوں اور بالائی علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے پانچویں مرتبہ ڈیم کے سپل وے کھول دیے ہیں۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1515 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث اضافی پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا گیا۔سپل وے کھولنے کے بعد ڈیم سے پانی کا اخراج تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ہری پور نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر غازی جنید آفتاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دریائے سندھ کے کنارے جانے سے گریز کریں، دریا میں نہانے، کشتی رانی اور ماہی گیری سے اجتناب کریں، بچوں کو دریا کے قریب نہ جانے دیں اور مویشیوں کو بھی کنارے سے دور رکھیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سپل وے کھولنے سے قبل مساجد کے ذریعے اعلانات کروا کر مقامی آبادی کو ممکنہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کے لیے صرف متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔