وزیراعلیٰ بلوچستان سے مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم کرنے کا اعلان
کوئٹہ(اباسین خبر) بی اے مال کے قریب جاری احتجاج وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔ شہداء کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی نے وزیراعلیٰ کی درخواست پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی دھرنے کے مقام پر پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سینیٹر منظور کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ بھی موجود تھے۔ دھرنا کمیٹی سے مذاکرات کی قیادت صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ابتدا ہی سے دھرنا کمیٹی کے ساتھ رابطے میں تھے اور آئندہ بھی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ان کا تعلق ہمیشہ قائم رہے گا اور وہ ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگر حکومت سے کسی قسم کی کوتاہی ہوئی ہے تو اسے تسلیم کرتے ہوئے اس کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بطور وزیراعلیٰ اپنے تمام وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کو مالی امداد، سرکاری ملازمتیں اور ان کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی موجودگی میں اہم فیصلے کیے جا چکے ہیں اور حکومت ان پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست اور بلوچستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے دھرنے کے شرکا کو محب وطن قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلوچستان اور ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا، جبکہ حکومت اور عوام امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔