سڈنی میراتھون، 24 پاکستانی رنرز بھی عالمی دوڑ میں شریک

سڈنی میراتھون، 24 پاکستانی رنرز بھی عالمی دوڑ میں شریک

Aug 29, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)دنیا کی معروف میراتھونز میں شمار ہونے والی سڈنی میراتھون کل آسٹریلیا میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔اس عالمی دوڑ میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی شریک ہوں گے، جن میں 19 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔ پاکستانی دستے میں پاکستان کے علاوہ امریکا، برطانیہ، سعودی عرب اور آسٹریلیا میں مقیم رنرز بھی شامل ہیں، جبکہ پاکستان سے 12 رنرز خصوصی طور پر سڈنی پہنچ چکے ہیں۔کراچی سے خالد شیخ، ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی، شعیب نظامی، علی قاضی، دانش الٰہی، حسنین دھرمسے اور یوسف ملک دوڑ میں حصہ لیں گے۔ خواتین میں کوکب سرور، ڈاکٹر رابعہ نعیم، مہوش بلال، حرا دیوان اور سیدہ میمونہ ہمدانی شامل ہیں۔دیگر پاکستانی رنرز میں علی زیدی، عامر بٹ، قمر ضیا، جنید میمن، زین عالم، نوید حسن، عمر رشید، تابش مختار، میر شہزاد اور ڈاکٹر عدنان افضل شامل ہیں۔ جیو نیوز کے ڈپٹی اسپورٹس ایڈیٹر فیضان لاکھانی بھی شریک رنرز کی فہرست میں شامل ہیں۔کراچی سے تعلق رکھنے والے دانش الٰہی اس موقع پر منفرد انداز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ شلوار قمیض پہن کر میراتھون میں دوڑیں گے، جس کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت اور خوشگوار تاثر پیش کرنا اور ملک کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔دانش الٰہی کے مطابق سڈنی میراتھون ان کی ساتویں میراتھون ہوگی اور وہ اس میں شرکت کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سڈنی دوڑ کے لیے ایک بہترین شہر ہے۔42.195 کلومیٹر کی یہ دوڑ نارتھ سڈنی سے شروع ہوگی۔ شرکا سڈنی ہاربر برج، دی راکس، بارنگارو اور ڈارلنگ ہاربر سمیت شہر کے اہم مقامات سے گزرتے ہوئے سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب اختتامی مقام پر پہنچیں گے۔