سنیل شیٹی کا بیان سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)سنیل شیٹی کا اپنی 15 ماہ کی پوتی سے متعلق دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جہاں متعدد صارفین نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ وہ نریندر مودی کے بڑے مداح ہیں۔اداکار کے مطابق وہ کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک رہنما کی بات کر رہے ہیں اور جس طرح وہ اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں، اسی طرح نریندر مودی سے بھی لگاؤ رکھتے ہیں، کیونکہ ان کی شخصیت میں ایک خاص کشش موجود ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی 15 ماہ کی پوتی، جسے ایک بار نریندر مودی کی تصویر دکھائی گئی تھی، اب روزانہ کتاب کھول کر اس میں موجود تصویر کی جانب دیکھتے ہوئے "مودی جی، مودی جی" کہتی ہے۔سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ خاندان میں کسی نے بھی بچی کو ایسا کرنا نہیں سکھایا، نہ انہوں نے، نہ اس کی والدہ نے اور نہ ہی آیا نے۔ ان کے بقول، 15 ماہ کے بچوں سے لے کر 65 سال کے بزرگوں تک، نریندر مودی نے ہر عمر کے افراد کو متاثر کیا ہے اور ان کی شخصیت میں ایک خاص جاذبیت موجود ہے۔یہ بیان سامنے آنے کے بعد ایکس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔کئی صارفین نے اس بیان کو ذہنی اثراندازی اور خوشامد کی انتہا قرار دیا، جبکہ بعض نے سوال اٹھایا کہ 15 ماہ کا بچہ اس نوعیت کی سیاسی وابستگی یا سمجھ کیسے رکھ سکتا ہے۔