شوگر ملز کا 5 لاکھ 85 ہزار ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کا مطالبہ

شوگر ملز کا 5 لاکھ 85 ہزار ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کا مطالبہ

Aug 4, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) شوگر ملز مالکان نے سرپلس چینی کی برآمد کے لیے حکومت سے دوبارہ رابطہ کر لیا، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے نائب وزیراعظم اور وزیر فوڈ سیکیورٹی کو خطوط ارسال کر دیے۔پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اضافی 5 لاکھ 85 ہزار ٹن چینی فوری طور پر برآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔ایسوسی ایشن کے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 15 جولائی 2026 تک ملک میں تقریباً 34 لاکھ میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجود ہے، جبکہ ملک میں چینی کی ماہانہ اوسط کھپت 5 لاکھ 67 ہزار میٹرک ٹن ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کرشنگ سیزن کے آغاز تک ملک میں 11 لاکھ 58 ہزار ٹن چینی کا اضافی ذخیرہ موجود ہوگا، جبکہ نئے سیزن میں گنے کی بمپر فصل کے باعث ملکی ضرورت سے زیادہ تقریباً 80 لاکھ میٹرک ٹن چینی پیدا ہونے کا امکان ہے۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ستمبر میں گنے کی کاشت کا مرحلہ قریب ہے اور کاشتکار غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، اس لیے اسٹریٹیجک ذخائر میں موجود اضافی چینی کو سیزن شروع ہونے کے ایک ماہ کے اندر برآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر اضافی ذخائر کو بروقت برآمد نہ کیا گیا تو آئندہ سیزن میں چینی کے ذخیرے میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔