ایس اینڈ پی نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کردی، برآمدات کیلئے اربوں کا پیکیج منظور

ایس اینڈ پی نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کردی، برآمدات کیلئے اربوں کا پیکیج منظور

Aug 3, 2026|ویب ڈیسک

 کراچی( کامرس ڈیسک)امریکا ایران کشیدگی کے باعث خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی معیشت میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔عالمی ریٹنگ ادارے ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کو منفی بی سے بڑھا کر بی کر دیا ہے، جبکہ آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا گیا ہے۔ اس بہتری کو آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لیے مالی سال 2027 کے دوران تقریباً 98 ارب روپے مالیت کے تین بڑے مراعاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے، جبکہ مجموعی پیکیج کی مالیت 255 ارب روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت برآمد کنندگان کو چھ ماہ کے لیے 8.5 فیصد مقررہ شرح سود پر ورکنگ کیپیٹل قرضے فراہم کیے جائیں گے، جس کے لیے حکومت 58 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔اسی طرح لانگ ٹرم ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ سہولت کے تحت نئے صنعتی منصوبوں اور جدید مشینری کی خریداری کے لیے 350 ارب روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔اس اسکیم کے تحت قرض لینے والوں سے ابتدائی دو سال 2 فیصد جبکہ اگلے آٹھ سال 5 فیصد شرح سود وصول کی جائے گی، جبکہ اضافی سود حکومت برداشت کرے گی۔حکومت نے برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے لیے ترغیبی رقم کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے تحت 10 فیصد تک اضافی برآمدات کرنے والوں کو اضافی برآمدی مالیت کا ایک فیصد جبکہ 10 فیصد سے زائد اضافہ کرنے والوں کو دو فیصد مراعات دی جائیں گی۔ اس منصوبے پر سالانہ تقریباً 15 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔