شبھمن گل کی بہن ’دی ٹریٹرز 2‘ میں شامل
ممبئی( شو بز ڈیسک)ریئلٹی شو ’دی ٹریٹرز‘ کا دوسرا سیزن شروع ہونے کے لیے تیار ہے، جس کی افتتاحی تقریب میں تمام شرکاء کو متعارف کرایا گیا۔بھارتی کرکٹر شبھمن گل کی بہن شہنیل گل بھی اس سیزن میں بطور شریک حصہ لے رہی ہیں اور ریئلٹی شو کے ذریعے اپنی الگ شناخت بنانے کی کوشش کریں گی۔رواں سال یہ دوسرا موقع ہے جب کسی معروف کرکٹر کے خاندان کا فرد کسی ریئلٹی شو کا حصہ بنا ہے۔ اس سے قبل شریاس ایئر کی بہن شریستا ایئر بھی ایک ریئلٹی پروگرام میں شرکت کر چکی ہیں۔شو کی لانچنگ ویڈیو میں شہنیل گل کا تعارفی جملہ، ’’میرا نام گل ہے اور مجھے معلوم ہے کس طرح مارنا ہے‘‘، سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور شائقین کی توجہ حاصل کر گیا۔اپنے بھائی کے کرکٹ میچز میں اکثر نظر آنے والی شہنیل گل پہلی بار کسی بڑے تفریحی پلیٹ فارم پر جلوہ گر ہو رہی ہیں۔اس سیزن میں وہ ملیکا شیراوت، منور فاروقی، ریا چکرورتی، کرسٹل ڈی سوزا، پارول گلاٹی، شیف رنویر برار، دلیپ تاہل، ہرمن سنگھا اور تانیا پوری سمیت کئی معروف شخصیات کے ساتھ شریک ہوں گی۔