اپنی محنت کی قیمت مانگنا ہر فنکار کا حق ہے، شہناز گل

اپنی محنت کی قیمت مانگنا ہر فنکار کا حق ہے، شہناز گل

Jul 30, 2026|ویب ڈیسک

نئی دہلی ( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ شہناز گل نے کہا ہے کہ اپنی محنت اور صلاحیت کے مطابق معاوضہ طلب کرنے میں کوئی جھجک نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ مالی استحکام انسان کو عزت اور وقار بھی بخشتا ہے۔بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ کسی بھی فلم یا منصوبے کا حصہ بننے سے پہلے وہ مالی معاملات کو خاص اہمیت دیتی ہیں اور ہمیشہ اپنی قابلیت، تجربے اور موجودہ مقام کے مطابق معاوضے کا مطالبہ کرتی ہیں۔ ان کے بقول ہر فنکار کو اپنی قدر کا اندازہ ہونا چاہیے۔شہناز گل نے کہا کہ اپنے کیریئر کے آغاز میں انہوں نے بغیر معاوضے کے بھی کام کیا، لیکن اس کے باوجود انہیں وہ احترام اور اہمیت حاصل نہیں ہوئی جس کی وہ حقدار تھیں۔ اسی تجربے نے انہیں سکھایا کہ اپنی محنت کی قیمت پہچاننا بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ "پیسہ اہم ہوتا ہے، کیونکہ یہی آپ کو عزت بھی دلاتا ہے۔" ان کے مطابق وہ آج بھی اپنے حق کے مطابق معاوضہ مانگتی ہیں، اگرچہ بعض اوقات مطلوبہ رقم مل جاتی ہے، کبھی کم معاوضے پر اتفاق کرنا پڑتا ہے اور بعض مواقع پر مطالبہ مکمل طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا، تاہم وہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا نہیں چھوڑتیں۔اداکارہ نے دیگر فنکاروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی محنت کی مناسب قدر کریں اور اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے پُراعتماد انداز میں مؤقف اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی مسلسل جدوجہد، سخت محنت اور مختلف آزمائشوں سے گزرنے کے بعد حاصل ہوتی ہے، اسی لیے ہر فنکار کو اس کی محنت کے مطابق معاوضہ ملنا چاہیے۔