شرمیلا ٹیگور کے اسلام قبول کرنے پر صبا پٹودی کا اہم انکشاف

شرمیلا ٹیگور کے اسلام قبول کرنے پر صبا پٹودی کا اہم انکشاف

Aug 18, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف پٹودی خاندان کی مذہبی شناخت کے حوالے سے صبا پٹودی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ اور معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا۔ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں صبا پٹودی نے بتایا کہ ان کا مذہب اسلام ہے اور وہ اس سے گہری وابستگی رکھتی ہیں، تاہم وہ دیگر مذاہب کا بھی احترام کرتی ہیں۔صبا کے مطابق شرمیلا ٹیگور نے شادی کے بعد اپنے بچوں کو اسلام، رمضان اور دیگر مذہبی امور کے بارے میں آگاہ کیا، تاہم گھر میں کسی مذہب کو زبردستی مسلط نہیں کیا گیا۔ بچوں کو بڑے ہوکر اپنی مرضی کے مطابق مذہبی راستہ اختیار کرنے کی آزادی دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ پٹودی خاندان میں عید کے ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی سمیت مختلف تہوار بھی مل جل کر منائے جاتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عقیدہ ہر فرد کا ذاتی معاملہ ہے اور اسے کسی دوسرے پر زبردستی مسلط نہیں کیا جاسکتا۔صبا پٹودی کے مطابق خاندان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادیاں بھی ہوئی ہیں اور مذہب کے معاملے میں غیر معمولی سختی نہیں برتی جاتی۔اس سے قبل سیف علی خان بھی اپنے بچوں کی مذہبی تربیت کے حوالے سے گفتگو کرچکے ہیں۔ دوسری جانب شرمیلا ٹیگور ماضی میں بھی اسلام قبول کرنے کے تجربے پر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ شادی سے قبل ان کا نام عائشہ رکھا گیا تھا۔