شہود علوی کے گھریلو خواتین سے متعلق تبصرے پر سوشل میڈیا پر بحث

شہود علوی کے گھریلو خواتین سے متعلق تبصرے پر سوشل میڈیا پر بحث

Aug 11, 2026|ویب ڈیسک

 کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستانی ٹیلی ویژن کے معروف اداکار اور ہدایت کار شہود علوی ایک بار پھر اپنے بیان کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔شہود علوی نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز ماموں اقبال انصاری کے ساتھ پاکستان ٹیلی وژن میں بوم آپریٹر کی حیثیت سے کیا، بعدازاں اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا اور مختلف ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے شناخت بنائی۔اداکار متعدد مقبول ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔ وہ صائمہ شہود کے شوہر ہیں اور ان کی تین بیٹیاں عریبہ، سجل اور اریجا ہیں، جو اب شادی شدہ ہیں۔شہود علوی اکثر مارننگ شوز میں شریک ہوتے ہیں، خصوصاً ایسے پروگراموں میں جہاں میاں بیوی کے تعلقات اور ازدواجی زندگی پر گفتگو کی جاتی ہے۔حالیہ پروگرام میں وہ اداکاراؤں لیلیٰ زبیری اور فریحہ اعوان کے ساتھ شریک ہوئے۔ دورانِ گفتگو انہوں نے گھریلو خواتین کے حوالے سے ایسے خیالات کا اظہار کیا جن پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بحث شروع ہوگئی۔شوہر کی جانب سے بیوی میں دلچسپی کم ہونے کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے شہود علوی نے کہا کہ زیادہ وقت گھر میں گزارنے والی خواتین کے کپڑوں اور جسم سے کھانا پکانے میں استعمال ہونے والے ادرک اور لہسن کی بو آتی ہے، جبکہ دفاتر میں مردوں کا واسطہ خوشبو استعمال کرنے والی خواتین سے پڑتا ہے۔اداکار نے مزید کہا کہ اگر بیوی سے ادرک اور لہسن کی خوشبو آئے تو شوہر کی توجہ کیسے برقرار رہے گی، کیونکہ دفتر میں خواتین خوشبو لگا کر آتی ہیں۔