ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی بہن شاہین بھٹ نے ایشان مہرا کے ساتھ منگنی کا اعلان کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔ دونوں کی جانب سے اس خوشخبری کو تصاویر کے ذریعے منظر عام پر لایا گیا۔ایشان مہرا نے سماجی رابطوں کی ویب گاہ پر اپنی دیرینہ ساتھی کے ساتھ منگنی کی تصدیق کی، جبکہ جاری کردہ تصاویر میں شاہین بھٹ کو منگیتر کے ہمراہ انگوٹھی دکھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی تحریر میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محبت بھرے الفاظ بھی لکھے۔ذرائع کے مطابق شاہین اور ایشان کے تعلقات پہلی بار 2025 میں منظر عام پر آئے تھے، جب دونوں کی مشترکہ تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے لگیں۔ ان تصاویر میں سالگرہ، سیاحت اور روزمرہ زندگی کے لمحات شامل تھے، تاہم بعد ازاں دونوں نے اپنے تعلق کو نجی رکھنے کو ترجیح دی اور صرف چند مواقع پر ایک ساتھ دکھائی دیے۔اطلاعات کے مطابق ایشان مہرا پیشے کے لحاظ سے فٹنس کوچ ہیں اور انہیں مختلف مواقع پر بھٹ خاندان کے ہمراہ بھی دیکھا جا چکا ہے، جن میں عالیہ بھٹ سے متعلق تقاریب بھی شامل ہیں۔منگنی کے اعلان کے بعد دوستوں اور فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔یاد رہے کہ شاہین بھٹ زیادہ تر فلمی دنیا میں پس پردہ کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز بطور کم عمر اداکارہ فلم تمنا سے کیا، جس کے بعد وہ تحریر اور معاون ہدایت کاری کی طرف آئیں۔ وہ فلم سن آف سردار کی مصنفہ رہ چکی ہیں جبکہ فلم راز 3 میں معاون ہدایت کار کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔