شفیع محمد شاہ کی شادی کی تصویر وائرل

شفیع محمد شاہ کی شادی کی تصویر وائرل

Jun 29, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک)شفیع محمد شاہ کی بیٹی نے اپنے والد کی یاد تازہ کرتے ہوئے ان کی شادی کی ایک خوبصورت تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔انسٹاگرام پر سرگرم مرحوم اداکار کی بیٹی نے تصویر کے ساتھ ایک دلچسپ یاد بھی مداحوں کے ساتھ بانٹی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کو شادی کے روز اپنا میک اپ پسند نہیں آیا، جس پر وہ واپس گھر گئیں، میک اپ صاف کیا اور پھر ان کی خالہ نے دوبارہ میک اپ کیا۔ دوسری جانب شفیع محمد شاہ اتنے پُرسکون تھے کہ تقریب میں اپنے خاندان اور بیشتر مہمانوں سے بھی پہلے پہنچ گئے تھے۔انہوں نے مزید لکھا کہ ان کی والدہ کے ماموں، جو فوج سے وابستہ تھے اور رعب دار شخصیت رکھتے تھے، نے شفیع محمد شاہ کو تنہا دیکھ کر مزاحیہ انداز میں پوچھا، ’’آپ یہاں اکیلے کیوں آگئے ہیں؟‘‘ اس موقع پر وہاں موجود افراد مسکرا اٹھے کیونکہ دولہا تقریب میں سب سے پہلے پہنچ چکا تھا۔اداکار کی بیٹی کے مطابق، تصویر میں شفیع محمد شاہ جس ننھی بچی کو گود میں اٹھائے ہوئے ہیں، وہ ان کی والدہ کی خالہ کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت کم عرصے میں شفیع محمد شاہ ان کے والدہ کے خاندان کا ایسا حصہ بن گئے تھے جیسے برسوں سے اسی خاندان سے تعلق رکھتے ہوں۔ یہ واقعہ 1984ء کا ہے، جب زندگی شاید مکمل نہیں تھی، لیکن رشتوں میں سادگی، خلوص اور اپنائیت زیادہ محسوس ہوتی تھی۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ کاش معاشرہ دوبارہ اس دور کی اقدار کی جانب لوٹ سکے، جہاں سچائی، وفاداری، احترام اور حقیقی گفتگو کو اہمیت حاصل تھی اور ایک کپ چائے پر مل بیٹھنے کی خوشی زندگی کا خوبصورت حصہ سمجھی جاتی تھی۔شفیع محمد شاہ کی شادی کی یہ یادگار تصویر مداحوں میں بے حد مقبول ہو رہی ہے۔ صارفین نہ صرف اس خوبصورت یاد کو سراہ رہے ہیں بلکہ اداکار کی وجیہہ شخصیت اور دلکش انداز کی بھی تعریف کر رہے ہیں۔متعدد مداحوں کا کہنا ہے کہ ماضی کا دور نسبتاً زیادہ پُرسکون تھا اور 1980ء اور 1990ء کی دہائی میں پروان چڑھنے والی نسل نے سادہ، پُرخلوص اور اطمینان بخش زندگی کا زیادہ قریب سے مشاہدہ کیا۔