سیلینا گومز پر 12 لاکھ ڈالر فراڈ کا الزام

سیلینا گومز پر 12 لاکھ ڈالر فراڈ کا الزام

Aug 15, 2026|ویب ڈیسک

نیویارک( شوبز ڈیسک) ذہنی صحت سے متعلق اسٹارٹ اپ ونڈر مائنڈ کے سرمایہ کاروں نے امریکی پاپ اسٹار سیلینا گومز، ان کی والدہ مینڈی ٹیفی اور سابق کاروباری شراکت دار ڈینیئلا پیئرسن کے خلاف تقریباً 12 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری میں دھوکا دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کردیا۔ڈیلاویئر کی عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق دو گروپس سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں نے کمپنی میں مجموعی طور پر تقریباً 12 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہیں ونڈر مائنڈ کے کاروبار اور سیلینا گومز کی کمپنی میں شمولیت کے حوالے سے گمراہ کیا گیا۔سرمایہ کاروں کا الزام ہے کہ تینوں مدعا علیہان نے کمپنی کے حوالے سے ایسی شراکت داریوں، تشہیری معاہدوں اور منصوبوں کا تاثر دیا جو حقیقت میں موجود نہیں تھے۔2021 میں قائم ہونے والی ونڈر مائنڈ اپنی ویب سائٹ کے مطابق روزمرہ زندگی میں ذہنی صحت بہتر بنانے کے لیے آسان اور قابلِ عمل طریقے فراہم کرتی ہے۔ سیلینا گومز کمپنی کی شریک بانی جبکہ ان کی والدہ مینڈی ٹیفی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔سابق کاروباری شراکت دار ڈینیئلا پیئرسن نے مبینہ طور پر مینڈی ٹیفی سے اختلافات کے بعد 2023 میں کمپنی چھوڑ دی تھی۔سرمایہ کاروں کے مطابق انہیں بتایا گیا تھا کہ ونڈر مائنڈ کی جے پی مورگن سمیت بڑی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داریاں، اشتہاری معاہدے، معروف شخصیات کے ساتھ کور اسٹوریز اور ایک جدید ایپ موجود ہے، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ نہ یہ شراکت داریاں ہوئیں، نہ منصوبے عملی شکل اختیار کرسکے اور نہ ہی ایپ تیار کی گئی۔