بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب ضلع چاغی کے علاقے نوکچا اور ضلع پشین کے زیارت کراس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع چاغی میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد این-40 کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر غیر قانونی ناکہ قائم کرکے مسافروں سے بھتہ وصول کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ضلع پشین میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر مربوط حملہ کیا، جس کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں قوم کے 6 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں 2 افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے صفائی آپریشن جاری ہے۔ عزم استحکام اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہداء نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن کے دفاع کی عظیم مثال قائم کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کا ثبوت ہیں، جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں چاغی اور پشین میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے، کسٹمز ہاؤس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرکے مسافروں کی نقل و حرکت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔