ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ، اہم شاہراہوں پر آمدورفت معطل

ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ، اہم شاہراہوں پر آمدورفت معطل

Jul 21, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر)ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے متعدد اہم شاہراہوں پر ہر قسم کی آمدورفت عارضی طور پر بند کر دی ہے۔ یہ پابندی 21 جولائی کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی کا اطلاق ٹانک روڈ (طارق شہید تا بھگووال)، کلاچی۔ہتھالہ روڈ، کوٹ اٹل۔گرہ عبداللہ روڈ اور لنک روڈ ٹکواڑہ۔ہتھالہ پر ہوگا، جہاں اس دوران ہر قسم کی نقل و حرکت ممنوع رہے گی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پابندی کے دوران مسافر گاڑیوں، مال بردار ٹرکوں، موٹر سائیکلوں اور عام شہریوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔تاہم ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلعی پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی پیشگی اجازت سے ہنگامی نوعیت کی گاڑیوں اور افراد کو نقل و حرکت کی اجازت دی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے اور اپنے سفری منصوبے پیشگی ترتیب دینے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔