سارہ چوہدری کا شادی کی ناکامی اور زندگی کے تجربات پر تجز یہ سامنے آگیا

12 گھنٹے قبل
سارہ چوہدری کا شادی کی ناکامی اور زندگی کے تجربات پر تجز یہ سامنے آگیا

 لاہور( شو بز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے شادی کے بعد شوبز کو خیرباد کہنے کے باوجود اپنی طلاق اور ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی ہے۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف اتار چڑھاؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جانب سے اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ شوبز چھوڑنے اور خود کو تبدیل کرنے کے باوجود بھی ان کی شادی کامیاب نہیں ہو سکی۔سارہ چوہدری نے کہا کہ شادی اور طلاق انسان کی زندگی میں اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ راستے کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق طلاق کو غیر ضروری طور پر نمایاں یا موضوع بحث نہیں بنانا چاہیے بلکہ اگر ممکن ہو تو میاں بیوی کے درمیان صلح کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ اگر کوئی شخص اپنی زندگی میں تبدیلی لے آئے یا دین کے قریب ہو جائے تو اس کی شادی لازمی طور پر کامیاب ہی رہے گی، کیونکہ یہ سب تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں۔سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ ان کی نجی زندگی کے معاملات زیادہ تفصیل سے عوامی سطح پر نہیں ہیں، تاہم جب تک تعلق میں گنجائش رہی، دونوں طرف سے اسے بچانے کی کوشش کی گئی۔ بعد ازاں باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا جب یہ واضح ہو گیا کہ ساتھ مزید نہیں چل سکتا۔طلاق کے بعد پچھتاوے سے متعلق سوال پر سارہ چوہدری نے کہا کہ دین کو سمجھنے کے بعد ان کی زندگی میں پچھتاوے کی کیفیت ختم ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق وہ اپنی زندگی کے ہر مرحلے کو تقدیر کا حصہ سمجھتی ہیں اور جو کچھ ہوا یا آئندہ ہوگا، سب اللہ کی مشیت کے مطابق ہے۔