سنگیتا کی ہدایت پر وائرل ویڈیو، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی
کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اور ہدایت کار سنگیتا اپنی نئی فلم "مکھو" کے ذریعے فلم سازی میں دوبارہ متحرک ہو گئی ہیں، تاہم فلم کے سیٹ سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔فلم میں صائمہ نور، میرا اور معمر رانا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں سنگیتا، معمر رانا کو ایک رومانوی منظر کی شوٹنگ کے حوالے سے ہدایات دیتی نظر آ رہی ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض افراد نے ہدایت دینے کے انداز پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر ضروری قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے اس پر طنزیہ تبصرے بھی کیے۔دوسری جانب متعدد سوشل میڈیا صارفین نے سنگیتا کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہدایت کار کا اداکاروں کو مختلف انداز میں رہنمائی دینا معمول کا حصہ ہوتا ہے، اس لیے مختصر ویڈیو کلپ کی بنیاد پر فلم یا ہدایت کار کی صلاحیتوں کے بارے میں رائے قائم کرنا مناسب نہیں۔واضح رہے کہ فلم "مکھو" کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔