صنم سعید کا کانز فلم فیسٹیول میں شاندار ریڈ کارپٹ ڈیبیو

2 دن قبل
صنم سعید کا کانز فلم فیسٹیول میں شاندار ریڈ کارپٹ ڈیبیو

پیرس ( شو بز ڈیسک)پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول 2026 کے ریڈ کارپٹ پر اپنا شاندار ڈیبیو کیا ہے۔اداکارہ صنم سعید نے فیسٹیول میں “ساؤتھ ایشین ویمن ایکسیلنس ان سنیما اینڈ آرٹس” کے اعزازی گروپ کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی، جہاں ان کی موجودگی کو خصوصی توجہ حاصل رہی۔ریڈ کارپٹ پر آمد کے موقع پر شرکاء نے تالیاں بجا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا، جس پر اداکارہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔صنم سعید نے اس موقع پر روایتی مشرقی لباس کا انتخاب کیا، جسے بین الاقوامی سطح پر بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔ ان کا لباس معروف پاکستانی ڈیزائنر حسین رہر نے تیار کیا تھا۔اپنے اس خاص موقع پر صنم سعید نے پاکستانی فلمی دنیا کی لیجنڈری اداکارہ اور ہدایت کارہ میڈم شمیم آرا کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو یاد کیا۔فیسٹیول کے دوران اداکارہ نے ڈیزائنر حسین رہر کے خصوصی شو کیس میں بھی شرکت کی، جہاں ان کے اسٹائل اور انداز نے ایک بار پھر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔