ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے مبینہ طور پر فلم ’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘ کے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم کالے ہرن کے اس معروف کیس پر مبنی ہے جس سے متعلق سلمان خان کا نام گزشتہ کئی برسوں سے قانونی تنازعات میں زیرِ بحث رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلمان خان کی قانونی ٹیم کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں فلم کے پروڈیوسرز اور ہدایت کار سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز فوری طور پر روکی جائے اور اس سے متعلق تمام پروموشنل مواد بھی ہٹا دیا جائے۔نوٹس میں یہ بھی انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر ان مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر امیت جانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانونی نوٹس دباؤ ڈالنے کی ایک کوشش ہے تاکہ فلم کی ٹیم کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جا سکے۔قانونی نوٹس کے بعد اس فلم کی ریلیز کے مستقبل پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی ریلیز متاثر ہو سکتی ہے۔
سلمان خان کا فلم ’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘ پر قانونی نوٹس، ریلیز خطرے میں پڑ گئی
8 گھنٹے قبل