تنخواہ دار طبقے سے جولائی میں ریکارڈ 44 ارب روپے انکم ٹیکس وصول

تنخواہ دار طبقے سے جولائی میں ریکارڈ 44 ارب روپے انکم ٹیکس وصول

Aug 18, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں تنخواہ دار طبقے سے گزشتہ دو برس کے مقابلے میں زیادہ انکم ٹیکس وصول کرلیا۔ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کے باوجود جولائی 2026 میں تنخواہ دار افراد سے 44 ارب روپے انکم ٹیکس جمع کیا گیا، جبکہ مالی سال 2024-25 کے جولائی میں 42 ارب اور مالی سال 2023-24 کے اسی ماہ میں 30 ارب روپے وصول ہوئے تھے۔واضح رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سالانہ 22 لاکھ روپے سے زائد آمدن رکھنے والے افراد کے لیے بعض انکم ٹیکس سلیبز میں شرح کم کی تھی۔22 سے 32 لاکھ روپے سالانہ آمدن والی سلیب پر ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد، 32 سے 41 لاکھ روپے پر 30 فیصد سے کم کرکے 25 فیصد جبکہ 41 سے 56 لاکھ روپے کی آمدن پر شرح 35 فیصد سے گھٹا کر 29 فیصد کردی گئی۔اسی طرح 56 سے 70 لاکھ روپے سالانہ آمدن والے افراد کے لیے انکم ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کرکے 32 فیصد مقرر کی گئی۔