قریبی ساتھیوں کی بے وفائی نے مجھے بہت دکھ دیا، سعدیہ امام

قریبی ساتھیوں کی بے وفائی نے مجھے بہت دکھ دیا، سعدیہ امام

Aug 20, 2026|ویب ڈیسک

لاہور(شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ اور میزبان سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کیریئر کے دوران انہیں بعض قریبی مرد ساتھیوں اور دوستوں کی جانب سے دھوکے، مخالفت اور نظرانداز کیے جانے کا سامنا کرنا پڑا۔نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ امام نے بتایا کہ شوبز میں قدم رکھنے کے وقت خواتین فنکاروں کی تعداد کم تھی، جبکہ ان کی ہم عمر اور ہم پلہ اداکارائیں بھی بہت کم تھیں، جس کے باعث ان کے زیادہ تر ساتھی مرد تھے۔انہوں نے کہا کہ بعض قریبی دوستوں نے ان کے ساتھ وفا نہیں کی اور پسِ پردہ ان کے خلاف باتیں کرکے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ ان کے والد انہیں ہمیشہ مشورہ دیتے تھے کہ جعلی دوستوں سے بہتر تنہائی ہے، تاہم اس وقت وہ اس نصیحت کی اہمیت نہیں سمجھتی تھیں۔سعدیہ امام کے مطابق انہوں نے خود بعض ساتھیوں کو یہ کہتے سنا کہ انہیں ڈراموں میں شامل نہ کیا جائے کیونکہ وہ محفلوں میں زیادہ گھلتی ملتی نہیں اور ’’پارٹی گرل‘‘ نہیں ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ بیرونِ ملک ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران بھی بعض افراد کو ان کے طرزِ زندگی اور رویے سے اختلاف تھا، جس کے باعث انہیں بعض منصوبوں سے نکال دیا جاتا یا ثانوی کردار دیے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تکلیف انہیں ان لوگوں کے رویے سے ہوئی جو ان کے انتہائی قریب تھے، گھر آتے جاتے، ساتھ کھانا کھاتے اور وقت گزارتے تھے، مگر پسِ پردہ ان کے خلاف باتیں کرتے رہے۔