نوجوانوں کیلئے ایک ارب کا پاور انوویشن پروگرام شروع
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن نے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے پہلے قومی پاور سیکٹر جدت پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔اس پروگرام کے لیے انوویشن حب کو خصوصی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جائے گا، جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں نئی تحقیق، ٹیکنالوجی اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینا ہے۔ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں، محققین، جامعات، نئے کاروباری اداروں، صنعت اور ماہرین کو ایک جگہ اکٹھا کیا جائے گا تاکہ ملک کو درپیش توانائی کے مسائل کے مؤثر حل تلاش کیے جاسکیں۔پروگرام کے تحت آئندہ تین برسوں میں کامیاب منصوبوں کے لیے ایک ارب روپے سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ منتخب نوجوانوں کو پانچ لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں مسلسل تحقیق کے ساتھ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق قومی پاور سیکٹر جدت پروگرام محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ مستقل قومی ادارہ جاتی نظام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی سرپرستی، رہنمائی اور عملی معاونت کی جائے گی اور بہترین تحقیقی کام کو قابلِ عمل منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا۔انوویشن حب کے ذریعے طلبہ، محققین، نئے کاروباری ادارے اور نوجوان ماہرین اپنے خیالات اور تجاویز بھی پیش کرسکیں گے۔