گیس سبسڈی اور قیمتوں کے موجودہ نظام پر نظرثانی ضروری ہے: علی پرویز ملک

گیس سبسڈی اور قیمتوں کے موجودہ نظام پر نظرثانی ضروری ہے: علی پرویز ملک

Aug 27, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ گیس پر دی جانے والی موجودہ سبسڈی اور قیمتوں کے مختلف درجوں کے نظام کا ازسرنو جائزہ لینا ضروری ہے۔کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ادارے کی کارکردگی، اصلاحات، انتظامی امور اور مالی استحکام کا جائزہ لیا۔اجلاس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے سربراہ اور دیگر حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیس کی تقسیم کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ گیس کے غیرمحسوب استعمال میں 57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کمپنی، صنعتی صارفین اور کھاد کے کارخانوں کے لیے گیس کی بندش نہیں کی جارہی، جبکہ گھریلو صارفین کو روزانہ تین اوقات میں گیس فراہم کی جارہی ہے۔علی پرویز ملک نے کمپنی کے بورڈ کو ادارے کی مالی اور انتظامی بنیاد مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آپریشنل کارکردگی، آمدن کی وصولی اور وسائل کے مؤثر استعمال پر توجہ دینے پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس چوری اور نقصانات میں کمی کمپنی کی مالی پائیداری کے لیے انتہائی اہم ہے۔ بلوچستان میں گیس کی فراہمی سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور چوری، تکنیکی خرابیوں اور بنیادی ڈھانچے کی رکاوٹوں کا مؤثر خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ گیس کے گردشی قرضے میں اضافے کو تقریباً روک دیا گیا ہے۔ حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس کے شعبے میں جامع اصلاحات بھی کررہی ہے۔علی پرویز ملک کے مطابق تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمتوں کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے، جبکہ کم آمدن والے طبقات کو ہدفی سماجی تحفظ کے پروگراموں کے ذریعے سہارا دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گیس شعبے میں اصلاحات کا مقصد نظام کو مؤثر، شفاف اور مالی اعتبار سے مستحکم بنانا ہے تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات میسر آئیں اور توانائی کے شعبے کے بنیادی مسائل کا مستقل حل نکالا جاسکے۔