16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور( اباسین خبر) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن اور رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگائی جائے۔ اس کے ساتھ ہی 16 سال سے کم عمر بچوں کی ویڈیو سازی اور فوٹوگرافی پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔قرارداد کے متن میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر قانونی اور ریگولیٹری نظام وضع کیا جائے اور تمام موبائل ایپلی کیشنز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بچوں کے لیے نقصان دہ یا نامناسب مواد کی فوری روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ بچوں کے نفسیاتی، اخلاقی اور سماجی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں آن لائن خطرات اور نامناسب مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔