جولائی میں ترسیلاتِ زر 3.63 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

جولائی میں ترسیلاتِ زر 3.63 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

Aug 10, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک) بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے جولائی 2026 میں 3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر وطن بھیجیں، جس میں ماہانہ بنیاد پر 5 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جون 2026 میں ترسیلاتِ زر 3 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں، جبکہ جولائی 2025 میں یہ حجم 3 ارب 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا تھا۔جولائی میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں مقیم پاکستانیوں نے 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بھیجے۔ سعودی عرب سے آنے والی رقوم میں ماہانہ 10 فیصد اور سالانہ 11 فیصد اضافہ ہوا۔متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 70 لاکھ، برطانیہ سے 55 کروڑ 50 لاکھ اور امریکا سے 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پاکستان پہنچے، جبکہ دیگر خلیجی ممالک سے مجموعی طور پر 46 کروڑ 20 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔ماہرین کے مطابق ترسیلاتِ زر میں اضافہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور معاشی استحکام کے لیے اہم ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے جولائی میں 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بنیاد پر 13 فیصد اضافہ سمندر پار پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں مسلسل شراکت کا مظہر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی قومی معیشت کا قیمتی حصہ ہیں اور حکومت انہیں سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔