پٹرولیم لیوی کم کی جائے، مہنگائی نے عوام کو پریشان کردیا: فیصل کنڈی
پشاور ( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، وفاقی حکومت کو پٹرولیم لیوی میں کمی کرنی چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہیں، ایک جانب کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا جاتا ہے تو دوسری طرف مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے جتنی بار چاہیں جہاز میں سفر کریں گی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ ملک کو سب سے زیادہ تیل اور گیس فراہم کرتا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے حصے کا پانی بھی پنجاب استعمال کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام اس جنگ کا سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف بیان بازی قومی مقصد کو نقصان پہنچارہی ہے۔ صوبے کو دہشتگردی، امن و امان اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہے، اس لیے پہلے عوامی مسائل حل کیے جائیں، اس کے بعد احتجاج کیا جائے۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں نئے صوبے بنتے رہتے ہیں، اگر پارلیمنٹ اور صوبے چاہیں تو نئے صوبے قائم کیے جانے چاہئیں۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ موجود ہو تو ریفرنڈم کی بات مناسب نہیں، کیونکہ جمہوری نظام میں فیصلے پارلیمنٹ ہی کرتی ہے۔گورنر نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن احتجاج کررہی ہے اور پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم مسائل دھرنوں اور احتجاج کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی دھرنوں یا احتجاج کے ذریعے نہیں بلکہ عدالت کے ذریعے ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں پہنچے گی۔