روی کشن کے منفرد جملے سوشل میڈیا پر وائرل
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکار اور بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ روی کشن ایک بار پھر اپنے منفرد اندازِ گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔اتر پردیش کے شہر گورکھپور سے تعلق رکھنے والے روی کشن تین دہائیوں سے زائد عرصے سے بھوجپوری، ہندی، تیلگو، کنڑ اور تامل فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں، جبکہ نئی نسل انہیں وائرل ویڈیوز اور میمز کے ذریعے بھی جانتی ہے۔حالیہ دنوں میں ان کے کئی ویڈیوز اور جملے سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہے ہیں، جنہیں صارفین مختلف انداز میں شیئر کر رہے ہیں۔ان کے مشہور وائرل جملوں میں "مون ورت" شامل ہے، جب پارلیمانی اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ لفظ استعمال کیا، جس پر صارفین نے مزاحیہ ویڈیوز اور میمز بنائیں۔اسی طرح ایندھن کی بچت سے متعلق گفتگو میں ان کی زبان سے غلطی سے "ہوم فرام ورک" نکل گیا، جو بعد میں سوشل میڈیا پر مقبول میم بن گیا۔اس سے قبل ان کے جملے "جلدی دی لیٹ" اور "نیٹ اخبار" بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔روی کشن ماضی میں اپنی وائرل ہونے والی ویڈیوز پر ردعمل دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انسان سے غلطی ہونا فطری عمل ہے اور انہیں حیرت ہوتی ہے کہ معمولی زبان کی لغزشیں بھی سوشل میڈیا پر اتنی تیزی سے مقبول ہو جاتی ہیں۔اداکار کا کہنا ہے کہ تعریف اور تنقید دونوں عارضی ہوتی ہیں، اس لیے انہیں زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔