پاکستانی مداح ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے، راکھی ساونت کا اعتراف
ممبئی( شوبز ڈیسک) بھارتی اداکارہ اور سوشل میڈیا شخصیت راکھی ساونت نے پاکستانی مداحوں کی محبت اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں انہیں سب سے پہلے پاکستان سے ہی حوصلہ افزائی اور مدد ملی۔بی بی سی ہندی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں راکھی ساونت نے کہا کہ پاکستانی مداح ہمیشہ ان کی خیریت دریافت کرتے ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے نظر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی انہیں کسی مسئلے یا بیماری کا سامنا کرنا پڑا، کئی مواقع پر پاکستانی مداحوں نے ان سے رابطہ کیا اور عملی مدد بھی فراہم کی۔ ان کے بقول بعض اوقات بھارت سے کوئی مدد کے لیے نہیں پہنچا، جبکہ پاکستانی مداح ان کی عیادت اور معاونت کے لیے آگے آئے۔راکھی ساونت نے کہا کہ جن لوگوں کے والدین ساتھ نہیں ہوتے، وہ دوسروں کی محبت اور سہارے سے زندگی گزارتے ہیں، اور انہوں نے ہمیشہ پاکستانی عوام کی شفقت اور خلوص کو محسوس کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ صرف اپنے ذاتی تجربات بیان کر رہی ہیں اور ان کے نزدیک پاکستانی عوام نے ہمیشہ ان سے بے پناہ محبت کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک پڑوسی ہیں اور اچھے پڑوسیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔اداکارہ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان اور بھارت کے صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے عوام امن، احترام اور بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، جبکہ سیاسی اختلافات کو عوامی تعلقات پر غالب نہیں آنا چاہیے۔