قدسیہ علی نے خواتین میں عدم تحفظ کی وجوہات پر کھل کر بات کردی
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ قدسیہ علی کا کہنا ہے کہ بچپن میں والدین کی محبت سے محروم رہنے والی کئی خواتین جذباتی عدم تحفظ کا شکار ہو جاتی ہیں، جس کے باعث وہ معمولی توجہ یا وقتی محبت کو بھی حقیقی سمجھ کر قبول کر لیتی ہیں۔حال ہی میں ایک میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں اداکار عباس اشرف اور قدسیہ علی نے موجودہ دور میں مردوں اور خواتین کے رویوں اور سماجی تربیت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔عباس اشرف نے کہا کہ مردوں میں خود پسندی اور برتری کا احساس اکثر والدین کی تربیت کا نتیجہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بعض والدین اپنے بیٹوں کو بچپن سے یہ احساس دلاتے ہیں کہ وہ دوسروں سے زیادہ اہم ہیں، خاندان کے اصل وارث ہیں اور انہیں زیادہ حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بیٹے منفی خود پسندی کا شکار نہ ہوں تو انہیں بیٹوں اور بیٹیوں کی یکساں تربیت کرنی چاہیے اور دونوں کو برابر کی اہمیت دینی چاہیے۔گفتگو کے دوران قدسیہ علی نے اس سوال پر بھی اظہارِ خیال کیا کہ بعض خواتین تعلقات میں اپنی ذات کو کیوں نظر انداز کر دیتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچپن میں والدین کی محبت اور توجہ سے محروم رہنے والی خواتین جب کسی بھی صورت میں محبت یا اپنائیت محسوس کرتی ہیں تو وہ اکثر ہر طرح کے رویے کو برداشت کرنے لگتی ہیں، کیونکہ وہ جذباتی عدم تحفظ کا شکار ہوتی ہیں۔قدسیہ علی نے مزید بتایا کہ وہ خود بھی ماضی میں عدم تحفظ کے احساس سے گزر چکی ہیں، تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے اپنی شخصیت پر کام کیا، خود کو بہتر بنایا اور اس کیفیت پر قابو پانے میں کامیاب رہیں۔