پنجابی گلوکارہ اندر کور پراسرار حالات میں مردہ پائی گئیں

14 گھنٹے قبل
پنجابی گلوکارہ اندر کور پراسرار حالات میں مردہ پائی گئیں

ممبئی( شو بز ڈیسک)لدھیانہ (بھارتی پنجاب) میں ابھرتی ہوئی پنجابی گلوکارہ اندر کور پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی ہیں، جبکہ اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں شادی سے انکار پر اغوا کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکارہ کی لاش نہر سے برآمد ہوئی، جس کی شناخت بعد ازاں اہلخانہ نے کی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔مقتولہ کے بھائی کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اندر کور 13 مئی کی رات گھر سے سامان لینے نکلی تھیں لیکن واپس نہیں آئیں۔اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ ایک شخص، جو گلوکارہ سے شادی کا خواہش مند تھا، اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انہیں اغوا کرنے میں ملوث ہے۔ خاندان کے مطابق رشتہ مسترد کیے جانے پر ملزم نے مبینہ طور پر یہ قدم اٹھایا۔خاندان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کینیڈا سے بھارت آیا تھا اور بعد ازاں واردات کے بعد واپس بیرون ملک فرار ہوگیا۔ اہلخانہ نے پولیس کی کارروائی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بروقت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور حکام کے مطابق مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔اندر کور کو پنجابی موسیقی کی ایک ابھرتی ہوئی آواز سمجھا جاتا تھا اور ان کی اچانک موت نے مداحوں اور موسیقی کی دنیا کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔