پنجاب میں کینیڈین سرمایہ کاروں کو سہولتیں دیں گے: شافع حسین
ٹورنٹو(کامرس ڈیسک) پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور پاکستان کینیڈا تجارتی روابط کے فروغ کے لیے کینیڈا پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شافع حسین نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی پل ہیں۔ پنجاب میں صنعت، زراعت، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کینیڈین سرمایہ کاروں کو پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ خصوصی اقتصادی زونز میں 10 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت بھی حاصل ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اوورسیز پاکستانی دونوں ممالک کے معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔